ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں پولیس جرمانے کی رقم نجی شخص کے کھاتے میں جانے کا معاملہ - پولیس سپرنٹنڈنٹ نے جاری کی وضاحت

بھٹکل میں پولیس جرمانے کی رقم نجی شخص کے کھاتے میں جانے کا معاملہ - پولیس سپرنٹنڈنٹ نے جاری کی وضاحت

Sun, 25 Aug 2024 17:56:54    S.O. News Service

کاروار ، 25 / اگست (ایس او نیوز) بھٹکل میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر  پولیس کی طرف سے لگائے گئے جرمانے کی رقم جیویلری شاپ مالک کے کھاتے میں ٹرانسفر ہونے کی خبر عام ہونے کے بعد ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے ۔
    
ضلع ایس پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 اگست کی صبح 10:31 بجے ٹاون پولیس اسٹیشن کے سامنے والی سڑک پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی جانچ کے دوران اودئے نائک نامی شخص ہیلمیٹ کے بغیر KA - 47 R 5517 رجسٹریشن نمبر والی دو پہیہ گاڑی چلاتا ہوا پایا گیا ۔ اس شخص کو روکتے ہوئے موٹر وھیکل ایکٹ کے مطابق اس پر 500 روپے جرمانہ والا چالان بنایا گیا اور نقد  رقم ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ اودئے نائک کے پاس نقد رقم موجود نہیں تھی، جب اودے نے کہا کہ  وہ آن لائن کے ذریعے رقم ادا کرنا چاہتا ہے تو پی ایس آئی نے اُس وقت موقع پر پہنچنے والے اپنے شناسا ونائیک ماروتی شیٹھ  کے موبائل نمبر  7760339244 پر فون پے کے  ذریعے رقم  ٹرانسفر کرنے کے لئے کہا تھا اور ماروتی شیٹھ  نے اودئے نائک کے جرمانے کی رقم 500 روپے  نقد پی ایس آئی ایلپّا کو اپنی جیب سے ادا کردی تھی۔ جس کے بعد  پی ایس آئی نے  جرمانہ کا چالان  اُسی وقت اُودے نائک کو  دے دیا۔
    
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لگے جرمانے کی رقم ڈیجیٹل یو پی آئی  کے ذریعے سے ادا کرنے کی سہولت رہنے کے باوجود پی ایس آئی ایلپّا نے براہ راست ڈیجیٹل یو پی آئی کے  ذریعے سے رقم وصول نہیں کی ہے ۔ اس لئے بھٹکل ڈی وائی ایس پی کو اس معاملے کی مکمل تحقیق کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ تحقیقاتی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اگر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو قصور واروں کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔ 

 

اس خبر سے    منسلک پہلے شائع شدہ خبر: 
بھٹکل پی ایس آئی نے لگایا جرمانہ - رقم گئی جیویلر کے کھاتے میں - آخر کیا ہے یہ معاملہ ؟
 


Share: